
خلیج اردو
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وہ مقدس خون کی قسم کھا کر کہتے ہیں کہ معصوم بچوں کے خون کا بدلہ ہر صورت لیا جائے گا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور دہشتگرد بھارت سے پیسے لے کر نہتے شہریوں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔
سرفراز بگٹی نے زور دے کر کہا کہ یہ کسی حقوق کی جنگ کا حصہ نہیں بلکہ صرف بھارتی پراکسیز کی کارروائیاں ہیں، جن کا مقصد پاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردوں کا نہ کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ کوئی قبیلہ، ان کا صرف ایک ایجنڈا ہے: پاکستان دشمنی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بھارت اپنی بوکھلاہٹ میں معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہا ہے اور اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا ہے اور دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا ہے۔






