پاکستانی خبریں

ہیٹ ویو کے پیش نظر مریم نواز کا پنجاب بھر میں الرٹ، سکول سرگرمیاں معطل، احتیاطی تدابیر کی ہدایت

خلیج اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ہیٹ ویو کے خطرے کے پیش نظر صوبہ بھر میں ہنگامی اقدامات کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ، تعلیمی اداروں اور شہریوں کو مکمل الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

وزیراعلیٰ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ سخت گرمی کے موسم میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بچوں کو گھروں میں محدود رکھا جائے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے تمام سرکاری و نجی سکولوں میں اوپن ایئر سرگرمیاں فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا۔

مریم نواز نے ہدایت کی کہ ہر کلاس روم میں کم از کم ایک پنکھا ضرور فعال ہو، طلبہ کے لیے ڈریس کوڈ میں نرمی برتی جائے اور تمام اسکولوں میں فرسٹ ایڈ باکس کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔

انتظامیہ کو حکم دیا گیا ہے کہ پرہجوم بازاروں میں سایہ دار مقامات، او آر ایس ملا پانی، فرسٹ ایڈ کاؤنٹرز اور واٹر کولر مہیا کیے جائیں، جبکہ ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کو ہمہ وقت الرٹ رکھا جائے۔

ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ تمام بس اور ویگن اسٹینڈز پر سایہ، پانی اور مسٹ فین کی سہولیات فراہم کی جائیں۔

وزیراعلیٰ نے ملتان اور بہاولپور ڈویژن کے کاشت کاروں سے بھی اپیل کی کہ وہ سخت گرمی کے پیش نظر احتیاط برتیں، جبکہ مویشی فارمز پر جانوروں کے لیے سایہ اور وافر پانی فراہم کیا جائے۔

آخر میں مریم نواز شریف نے عوام سے اپیل کی کہ چھتوں پر پرندوں کے لیے پانی ضرور رکھا جائے تاکہ تمام مخلوقات کو ہیٹ ویو سے محفوظ رکھا جا سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button