
خلیج اردو
راولپنڈی: ایڈیشنل سیشن جج راولپنڈی افشاں اعجاز صوفی نے سوتیلی بہن سے زیادتی کے بعد قتل کرنے والے مجرم اظہر کے خلاف جرم ثابت ہونے پر دو بار سزائے موت، سات سال قید اور چار لاکھ روپے جرمانے کا فیصلہ سنا دیا۔
عدالت نے مجرم اظہر کو زیادتی کے جرم میں سزائے موت کے ساتھ دو لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جب کہ قتل کے جرم میں بھی سزائے موت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعہ 201 کے تحت شواہد چھپانے کے جرم میں سات سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔
یہ اندوہناک واقعہ اگست 2023 میں تھانہ روات کی حدود میں پیش آیا تھا، جس میں سوتیلی بہن کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کیا گیا۔ استغاثہ کی مضبوط شہادتوں اور مؤثر پیروی کے باعث عدالت نے سخت ترین سزا سنائی۔
عدالت نے مجرم اظہر کی سزا پر فوری عملدرآمد کے احکامات جیل حکام کو بھجوا دیے ہیں۔






