پاکستانی خبریں

دنیا کو لگتا تھا پاکستان کو شرمندگی ہوگی،جب نیت اچھی ہو تو اللہ تعالیٰ کی مدد ضرور آتی ہے،،مریم نواز

خلیج اردو
لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب کے دور دراز علاقوں میں پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی اور صوبے کے عوام کی بہتری کے لیے دن رات کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت، تعلیم اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے میدان میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔

بھارت کے خلاف حالیہ تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پاکستان نے بھارت جیسے بڑے ملک کو بے نقاب کر کے اپنی عسکری صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رافیل طیاروں کو ناقابل شکست سمجھا جاتا تھا، مگر پاک فضائیہ نے جے ایف 17 تھنڈر کے ذریعے بھارت کو کرارا جواب دیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دنیا کو لگتا تھا پاکستان کو شرمندگی ہوگی، مگر اب پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مسلح افواج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب نیت اچھی ہو تو اللہ تعالیٰ کی مدد ضرور آتی ہے۔

صحت کے شعبے سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں اور آئندہ سال بھی 100 ارب روپے کی لاگت سے یہ سہولت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کینسر، ہیپاٹائٹس، ٹی بی اور انسولین جیسی ادویات گھروں تک پہنچائی جا رہی ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف میڈیکل ڈسٹرکٹ منصوبے پر دو ماہ میں کام شروع ہوگا اور بچوں کی ہارٹ سرجری کے لیے بھی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں پہلے سرکاری کینسر ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے اور ہسپتالوں میں کرپشن کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button