
خلیج اردو
راولپنڈی: 22 مئی، 2025
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 270ویں کور کمانڈرز کانفرنس میں بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف تمام وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ عسکری قیادت نے واضح کیا کہ پاکستان کسی بھی صورت میں بیرونی پشت پناہی میں کی جانے والی دہشت گردی کے ذریعے امن پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، خضدار میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کو بھارتی پراکسیز کی بربریت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی گئی۔ کانفرنس میں شہداء کے لیے دعا کی گئی، جنہوں نے خضدار حملے اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
فورم میں دہشت گردی کے خلاف مؤثر دفاعی حکمت عملی پر زور دیا گیا اور نہتے شہریوں اور بچوں کو نشانہ بنانے کو انسانیت اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ عسکری قیادت نے دوٹوک اعلان کیا کہ شہداء کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا اور عوام کا تحفظ مسلح افواج کی اولین ترجیح رہے گی۔
اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قومی دفاع، غیر متزلزل قیادت اور اسٹریٹجک وژن کو سراہتے ہوئے انہیں فیلڈ مارشل کے اعزاز پر مبارکباد دی گئی۔ فورم نے سکیورٹی چیلنجز، آپریشن بنیان مرصوص کی کامیاب تکمیل، پیشہ ورانہ مہارت، بین الادارہ جاتی ہم آہنگی، اور عوامی حمایت کو پاکستان کی دفاعی کامیابی کا بنیادی ستون قرار دیا۔
بھارتی پروپیگنڈے کے خلاف قومی بیانیہ اجاگر کرنے پر میڈیا اور انفارمیشن وارئیرز کی کاوشوں کو سراہا گیا، جبکہ سیاسی قیادت کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا جنہوں نے قومی یکجہتی کو مضبوط کیا۔
کانفرنس میں مشرقی سرحد اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور عالمی برادری سے فوری اور مؤثر مداخلت کی اپیل کی گئی۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ قومی سلامتی، آپریشنل تیاری اور عوامی اعتماد پاک فوج کی اصل طاقت ہیں، اور حالیہ کامیابیاں اللہ کے فضل اور قوم کے اعتماد کا نتیجہ ہیں۔ مسلح افواج پوری قوم کی توقعات پر پورا اترنے کیلئے پُرعزم ہیں۔







