
خلیج اردو
اسلام آباد – وزیراعظم محمد شہباز شریف کل چار ملکی اہم سفارتی دورے پر روانہ ہوں گے۔ اپنے دورے کے دوران وہ ترکیہ، ایران، آذربائیجان اور تاجکستان کا سفر کریں گے، جہاں وہ ان ممالک کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے پہلے مرحلے میں وزیراعظم کل ترکیہ پہنچیں گے، جہاں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، علاقائی تعاون اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بعد ازاں وزیراعظم ایران، آذربائیجان اور تاجکستان بھی جائیں گے۔
وزیراعظم اپنے دورے کے دوران حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں ان ممالک کی قیادت اور عوام کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کریں گے۔ ذرائع کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی میں اہم پیش رفت تصور کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد خطے میں امن و استحکام، اقتصادی تعاون اور سفارتی روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
وزیراعظم کے اس اہم دورے کے باعث وفاقی حکومت نے بجٹ کی پیشی ایک ہفتے کیلئے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ بجٹ کی نئی تاریخ کا اعلان وزیراعظم کی واپسی کے بعد کیا جائے گا۔






