
خلیج اردو
سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے سعودی حکومت اور فوج کے قریبی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ تینوں ممالک کے درمیان مشترکہ دفاعی معاہدے پر جمعہ کے روز جدہ میں دستخط متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق معاہدے پر کافی عرصے سے بات چیت جاری تھی تاہم خطے میں حالیہ پیش رفت کے باعث اسے تیزی سے آگے بڑھایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جدہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر جمعرات کو سعودی عرب پہنچ چکے ہیں جبکہ ترک صدر رجب طیب اردوان کی جمعہ کو سعودی عرب آمد متوقع ہے۔
پاکستانی وزارت خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب 6 سے 8 اگست تک جاری رہے گا۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے باعث خلیجی ممالک کی سلامتی اور بحیرہ احمر اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تجارتی جہاز رانی کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے۔
تاہم دوسری جانب پاکستانی حکام نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان دفاعی معاہدے پر جمعہ کو دستخط کی اطلاعات کو غیر مصدقہ اور قبل از وقت قیاس آرائی قرار دیا ہے۔ حکام نے کہا ہے کہ کسی بھی معاہدے یا اہم پیش رفت کی تصدیق متعلقہ حکام کی جانب سے جاری ہونے والے باضابطہ پریس ریلیز یا سرکاری بیان سے ہی کی جائے۔







