
خلیج اردو
پشاور: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پشاور میں صوبہ بچاؤ تحریک کے تحت نکالی گئی پیپلزپارٹی ریلی پر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے پرامن احتجاج کا راستہ روک کر اپنی بدترین کرپشن کو چھپانے کی ناکام کوشش کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں لاقانونیت، مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف آواز اٹھانے والے پرامن سیاسی کارکنوں پر آنسو گیس کی شیلنگ اور تشدد قابلِ افسوس اور قابلِ مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرتی ہے اور نہ ہی ظلم سے پیچھے ہٹتی ہے، بلکہ کرپٹ اور نااہل صوبائی حکومت کا تعاقب پوری طاقت سے جاری رکھا جائے گا۔ بلاول نے پی ٹی آئی حکومت کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہتے کارکنوں پر تشدد ان کے فاشسٹ رویے کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ صوبہ بچاؤ تحریک اب خیبرپختونخوا کے ہر شہری کی آواز بن چکی ہے، اور کارکنان ہر ظلم کا ڈٹ کر سامنا کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج خیبرپختونخوا کے عوام نے صوبائی حکومت کا اصل چہرہ دیکھ لیا ہے۔






