پاکستانی خبریں

این ڈی ایم اے نے ممکنہ طوفانی بارشوں سے متعلق الرٹ جاری کر دیا

خلیج اردو
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے ترجمان نے 27 مئی سے یکم جون کے دوران ملک بھر میں ممکنہ موسمی صورتحال سے متعلق ایڈوائزری جاری کر دی ہے، جس میں ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں، طوفان، گرج چمک اور موسلا دھار بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

ایڈوائزری کے مطابق اسلام آباد میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور طوفانی بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے اضلاع راولپنڈی، مری، اٹک، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، میانوالی، خوشاب، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال، اوکاڑہ اور قصور میں آندھی، جھکڑ، گرج چمک اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

جنوبی پنجاب کے علاقوں ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، لیہ، بھکر اور مظفر گڑھ میں 27 سے 29 مئی تک تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ خیبر پختونخوا کے اضلاع سوات، دیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہستان، چترال، شانگلہ، بونیر، مالاکنڈ، پشاور، مردان، نوشہرہ، صوابی، چارسدہ، ہنگو، ڈیرہ اسماعیل خان، بنوں، لکی مروت اور وزیرستان میں بھی انہی تاریخوں میں طوفانی بارشوں کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، بارکھان، خضدار، قلات، لسبیلہ، مستونگ، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ اور آواران میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان میں دیامر، استور، سکردو، گلگت، ہنزہ، گھانچے اور شگر میں شدید بارش اور ژالہ باری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

آزاد کشمیر کے اضلاع وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں، باغ، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی 27 مئی سے یکم جون کے دوران موسلا دھار بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔

تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ طوفان اور شدید بارش کے دوران محتاط رہیں اور خطرے سے دوچار علاقوں میں بارش کے دوران سفر سے اجتناب کریں۔

این ڈی ایم اے نے واضح کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور طوفان کے دوران کمزور عمارات، درختوں اور بل بورڈز سے دور رہیں، جبکہ کھڑی فصلوں، گاڑیوں اور سولر پینلز کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔ مزید رہنمائی کے لیے عوام کو پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے آگاہی حاصل کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button