پاکستانی خبریں

ریاست مدینہ کا ماڈل ہمارا عزم ہے، کمزور طبقات کی سرپرستی اولین ترجیح ہے، علی امین گنڈاپور

خلیج اردو
پشاور: 26 مئی 2025
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت بانی تحریک انصاف کے فلاحی ریاست کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انصاف، میرٹ اور مساوات ریاست مدینہ کی بنیادی خصوصیات ہیں اور ہماری حکومت انہی اصولوں کی روشنی میں کام کر رہی ہے۔

پشاور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ معاشرے کے کمزور طبقوں کی سرپرستی کسی بھی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور ہم صوبے میں ریاست مدینہ کے ماڈل کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کو ریاست کا وہ چہرہ دکھائیں گے جو ایک حقیقی فلاحی ریاست کا ہونا چاہیے۔

وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں بون میرو، گردے اور جگر کے ٹرانسپلانٹ بالکل مفت کیے جا رہے ہیں، جبکہ صوبے میں مزید کمزور اور نادار لوگوں کا ڈیٹا بھی اکٹھا کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکے۔

علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ جہیز فنڈ کو بیس ہزار سے بڑھا کر دو لاکھ روپے کر دیا گیا ہے اور اس فنڈ کی مدد سے اس سال چار ہزار بچیوں کی شادیاں کرائی گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کوئی نیا ٹیکس لگائے بغیر اربوں روپے کی اضافی آمدن پیدا کی ہے، جو پہلے نظام کی خرابی کی وجہ سے غائب ہو رہی تھی۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک خوددار اور خودمختار قوم بننے کے لیے اپنے وسائل کو بڑھانا ہوگا، کیونکہ قرضدار قوم نہ خودمختار ہو سکتی ہے اور نہ ہی خوددار۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button