
خلیج اردو
مکہ مکرمہ: وزیراعظم شہباز شریف نے چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ جمعرات کی شب عمرہ ادا کیا۔ یہ دورہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔
عمرہ کی ادائیگی کے دوران وفد کے لیے بیت اللہ شریف کا دروازہ خصوصی طور پر کھولا گیا۔
وفد نے نوافل ادا کیے اور اللہ رب العزت کا شکر ادا کیا کہ پاکستان کو حالیہ دنوں میں "بنیان مرصوص” کی کامیابی سمیت اقتصادی اور عوامی فلاحی میدان میں اہم کامیابیاں حاصل ہوئیں۔
اس موقع پر ملک کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں، جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے لیے بھی دعائے خیر کی گئی۔
وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی شامل تھے۔
وزیراعظم کا یہ دو روزہ سرکاری دورہ سعودی عرب میں جاری مناسک حج اور عید الاضحیٰ کی تقریبات کے موقع پر ہو رہا ہے، جس کا مقصد دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اس دورے کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کریں گے۔
ملاقات میں تجارت و سرمایہ کاری، مسلم امہ کی فلاح و بہبود، اور علاقائی امن و استحکام پر بات چیت کی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ وزیراعظم سعودی قیادت کا حالیہ پاکستان-بھارت کشیدگی میں مصالحتی کردار ادا کرنے پر شکریہ بھی ادا کریں گے۔
یہ دورہ نہ صرف پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی، مذہبی اور تزویراتی تعلقات کا عکاس ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی و سفارتی تعاون کو سعودی وژن 2030 اور پاکستان کی ترقیاتی ترجیحات کے تناظر میں مزید تقویت دینے کا ایک اہم موقع ہے۔
یہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور کثیرالجہتی تعاون کے نئے دروازے کھولے گا۔






