
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سیاسی طور پر غیر مقبول اور معاشی طور پر ناگزیر اقدامات کرتے ہوئے دلیرانہ قیادت کا مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سابق حکومت نے معیشت میں بارودی سرنگیں بچھائیں اور اپنے چار سالہ دورِ حکومت میں کوئی قابلِ ذکر کارکردگی نہیں دکھائی۔
احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی حکومت پاکستان کو اندرونی طور پر ڈیفالٹ کرا چکی تھی، تاہم وزیراعظم شہباز شریف کے فیصلوں کے نتیجے میں معیشت بحال ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یاد رکھنا چاہیے کہ ہم نے سفر کہاں سے شروع کیا تھا، اور اب ہم مشکل فیصلوں کے ذریعے بحالی کی جانب گامزن ہیں۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کی حالیہ عسکری کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں بھارت کو شکست دی، جس کا ثبوت 10 مئی کو قوم کے اتحاد اور قیادت کی جرات مندی سے ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا، سیاستدان اور پی ٹی آئی اس وقت اس شکست کے زخم چاٹ رہے ہیں۔
احسن اقبال نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے مطابق 6 مئی تک نہ فوج لڑنے کے قابل تھی اور نہ ہی سپہ سالار منصب کے اہل، مگر 10 مئی کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے وہ دلیری دکھائی جو آج تک کسی نے نہیں دکھائی۔ ان کے مطابق 10 مئی کو ثابت ہوا کہ پاکستان ایک توانا قوم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب پی ڈی ایم حکومت آئی تو ہمیں 2023 کے تاریخی تباہ کن سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، اس کے باوجود ایٹمی دھماکوں کے بعد جیسی پابندیاں آئیں، ویسی ہی صورتحال میں ہم نے ترقیاتی بجٹ جاری رکھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے 50 ارب ڈالر کا خسارہ پیدا کیا اور اسی میں 6 فیصد گروتھ کے دعوے کیے۔
احسن اقبال کے مطابق موجودہ حکومت اب ان ہی بچھائی گئی معاشی سرنگوں سے نکلنے کی کوشش کر رہی ہے تاکہ ملک کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکے۔






