پاکستانی خبریں

ماہرہ خان کی عمر پر تبصرہ، علی ظفر کا سخت ردعمل: "یہ رویہ اندرونی خوف کا اظہار ہے

خلیج اردو
کراچی: معروف اداکارہ ماہرہ خان کی عمر سے متعلق تنقیدی تبصرے پر گلوکار و اداکار علی ظفر نے شدید ردعمل دیا ہے اور سوشل میڈیا پر ایک مؤثر پیغام جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے نام لیے بغیر تنقید کرنے والوں کے رویے کو "نفسیاتی عارضہ” قرار دیا۔

یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب آرتھوپیڈک سرجن، لیکچرار، اور فلمی تجزیہ نگار ڈاکٹر عمر عادل نے یوٹیوب پر جاری کردہ ایک ویڈیو میں عید الاضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم ’لو گرو‘ کا تجزیہ کرتے ہوئے ماہرہ خان کی ظاہری عمر اور جھریوں پر طنزیہ تبصرہ کیا۔

ڈاکٹر عمر عادل نے کہا کہ "ماہرہ خان خوبصورت ہیں، مگر فلم میں اُن کے قریبی شاٹس سے ان کی عمر اور جھریاں نمایاں ہوئیں۔ بڑی اسکرین پر وہ عمر رسیدہ نظر آئیں جو اچھا تاثر نہیں دیتا۔” انہوں نے مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "ماہرہ کے بال، میک اپ اور لپ اسٹک کا امتزاج ایسا تھا جیسے ہونٹوں پر پپڑیاں جم گئی ہوں۔”

یہ کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو گلوکار علی ظفر خاموش نہ رہ سکے۔ انہوں نے انسٹاگرام اسٹوری میں لکھا:
"ابھی ایک کلپ دیکھا جس میں ایک ساتھی کو اس کی عمر پر شرمندہ کیا جا رہا ہے۔ یہ صرف عمر کا معاملہ نہیں، بلکہ ایک خطرناک معاشرتی رویہ ہے جس میں ہم روزانہ دوسروں کو سوشل میڈیا پر شرمندہ کرتے دیکھتے ہیں۔”

علی ظفر نے اس رویے کو اندرونی عدم تحفظ اور خوف کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ
"جب لوگ دوسروں کی ظاہری شکل، کامیابی، یا خود اعتمادی کا مذاق اُڑاتے ہیں، تو دراصل وہ اپنی محرومیوں کا عکس دکھا رہے ہوتے ہیں۔”

انہوں نے یاد دلایا کہ تنقید اکثر تنقید کرنے والے کے بارے میں زیادہ بتاتی ہے، نہ کہ جس پر تنقید کی جا رہی ہو۔

ماہرہ خان نے اس حوالے سے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا، تاہم سوشل میڈیا پر ان کے مداح اور دیگر فنکار برادری ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کر رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button