
خلیج اردو
عجمان: ولی عہد شیخ عمار بن حمید النعیمی کی قیادت میں عجمان ایگزیکٹو کونسل نے موسم گرما کے دوران سرکاری ملازمین کے لیے نیا ورک ماڈل منظور کر لیا ہے، جس کے تحت یکم جولائی سے 22 اگست 2025 تک ہر جمعہ کو ریموٹ ورک ہوگا اور پیر سے جمعرات تک کے دنوں میں ایک گھنٹہ کم کام کیا جائے گا۔
نئی پالیسی کے مطابق سرکاری دفاتر پیر سے جمعرات صبح 7:30 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک کھلے رہیں گے، جبکہ جمعہ کو تمام سرکاری ملازمین گھر سے کام کریں گے۔ تاہم عوامی خدمات کی فراہمی میں تسلسل برقرار رکھنے کے لیے سرکاری اداروں کو اندرونی سطح پر لچکدار انتظامات کی ہدایت دی گئی ہے۔
یہ اقدام سرکاری ملازمین کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد کام اور ذاتی زندگی میں توازن پیدا کرنا، خاندانی روابط مضبوط کرنا، اور ماحولیاتی استحکام کی حمایت کرنا ہے۔ اس فیصلے کو متحدہ عرب امارات کے "سالِ کمیونٹی” کے اہداف سے ہم آہنگ قرار دیا گیا ہے۔
عجمان کی انسانی وسائل کی وزارت اس اقدام پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی اور ستمبر 2025 تک اس ماڈل کے اثرات پر مبنی ایک جامع رپورٹ پیش کرے گی، جس میں کارکردگی، ملازمین کی اطمینان اور کمیونٹی کی فلاح پر اثرات کا جائزہ شامل ہوگا۔
عجمان کا یہ اقدام دبئی حکومت کی جانب سے رواں موسم گرما کے لیے متعارف کردہ لچکدار اوقات کار کی پالیسی کے بعد سامنے آیا ہے، جو یکم جولائی سے 12 ستمبر 2025 تک نافذ العمل رہے گی۔
متعارف کردہ عارضی ورک ماڈل میں ملازمین کو دو گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا، جن میں سے ایک گروپ پیر سے جمعرات تک آٹھ گھنٹے کام کرے گا جبکہ جمعہ کو مکمل تعطیل حاصل ہو گی۔
متعدد نجی ادارے، جو گزشتہ کچھ برسوں سے چار روزہ ورک ویک پر عمل کر رہے ہیں، اس نظام کے مثبت نتائج کی تصدیق کر چکے ہیں، جن میں پیداواری صلاحیت میں اضافہ، ذہنی دباؤ میں کمی، اور ملازمین کی بہتر کارکردگی شامل ہے۔ ماہرین نے دیگر اداروں کو بھی اس نظام کو اپنانے کی ترغیب دی ہے تاکہ ملازمین کی فلاح اور تنظیم کی طویل مدتی کامیابی کو یقینی بنایا جا سکے۔







