پاکستانی خبریں

پاکستان ڈیفالٹ رسک میں سب سے بڑی بہتری لانے والا ملک بن گیا: بلوم برگ انٹیلی جنس

خلیج اردو
اسلام آباد: بلوم برگ انٹیلی جنس کی تازہ رپورٹ کے مطابق پاکستان ابھرتی ہوئی معیشتوں میں ڈیفالٹ رسک میں سب سے زیادہ بہتری لانے والا ملک بن گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کا ڈیفالٹ رسک 59 فیصد سے کم ہو کر 47 فیصد پر آ گیا، جو کہ 1100 بیسس پوائنٹس کی قابل ذکر کمی ہے۔ اس پیش رفت نے پاکستان کو عالمی ایمرجنگ مارکیٹس میں پہلے نمبر پر لا کھڑا کیا ہے۔

ماہرین کے مطابق، پاکستان کی اقتصادی اصلاحات، عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے کامیاب مذاکرات اور قرضوں کی بروقت ادائیگی اس بہتری کے بنیادی عوامل ہیں۔ ان اقدامات نے نہ صرف مالیاتی نظم و ضبط کو مستحکم کیا بلکہ سرمایہ کاروں کے اعتماد میں بھی اضافہ کیا ہے۔

بلوم برگ نے اپنی رپورٹ میں واضح کیا کہ پاکستان اس وقت ان چند ابھرتی معیشتوں میں شامل ہے جو استحکام کی علامت بن رہی ہیں، جب کہ ارجنٹائن، تیونس، نائیجیریا، ترکی، ایکواڈور، مصر اور گیبون جیسے ممالک میں ڈیفالٹ رسک میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اس مثبت پیش رفت نے عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کی ہے اور مستقبل میں ملک کے لیے بیرونی سرمایہ کاری کے دروازے مزید کھلنے کا امکان ہے۔ عالمی ریٹنگ ایجنسیز نے بھی پاکستان کے معاشی آؤٹ لک کو بہتر قرار دیا ہے، جس سے آنے والے دنوں میں مزید معاشی بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button