
خلیج اردو
غزہ، 2 جولائی
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کی مبینہ دوہری پالیسی ایک بار پھر واضح ہو گئی ہے۔ ایک جانب وہ امن معاہدے کے دعوے کر رہے ہیں، جبکہ دوسری جانب غزہ میں اسپتالوں، اسکولوں، امدادی مراکز اور کیفے پر فضائی حملے جاری ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری میں مزید 109 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔
شدت پسندانہ کارروائیوں میں میڈیا بھی محفوظ نہیں رہا۔ تازہ حملوں کے بعد شہید ہونے والے صحافیوں کی مجموعی تعداد 228 ہو گئی ہے، جو اطلاعات تک رسائی پر ایک مہلک ضرب قرار دی جا رہی ہے۔
اب تک جاری بمباری اور فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں شہداء کی مجموعی تعداد 56 ہزار 626 ہو چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
انسانی حقوق کے اداروں اور عالمی برادری کی طرف سے ایک بار پھر اسرائیلی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے، مگر تاحال عملی اقدامات دیکھنے میں نہیں آئے۔






