
خلیج اردو
العین، 27 جون
العین میں یو اے ای یونیورسٹی اولمپک سوئمنگ پول میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 15 سالہ سوڈانی طالبعلم عمر یوسف عمر اپنے دوستوں کے ساتھ تیراکی کے دوران ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔ مرحوم کے والد یوسف عمر محمد نے خلیج ٹائمز سے گفتگو میں اس واقعے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حادثہ جمعے کی شام 7:30 سے 8 بجے کے درمیان پیش آیا۔
ان کے مطابق عمر اپنے پانچ ہم جماعتوں کے ساتھ تیراکی کر رہا تھا۔ واپسی کے وقت عمر نے اپنے دوستوں سے کہا کہ "مجھے مزید پانچ منٹ پانی میں گزارنے دو۔” جب دوست چینج کرنے کے بعد واپس لوٹے تو عمر غائب تھا۔ کئی افراد سے پوچھنے کے باوجود کچھ پتا نہ چلا، جس کے بعد دوستوں نے دوبارہ پول کا رخ کیا اور عمر کو بے ہوش حالت میں پایا۔ پولیس اور ایمبولینس کو فوری طور پر بلایا گیا تاہم ہسپتال پہنچنے پر عمر کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
عمر کے والد اس وقت ملک سے باہر تھے اور سانحے کی خبر ملتے ہی فوری وطن واپس پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا بیٹا پانی سے محبت ضرور رکھتا تھا، مگر تیراکی میں نیا تھا اور دو ماہ قبل ہی سیکھنا شروع کیا تھا۔
عمر نے حال ہی میں گریڈ 9 کے امتحانات دیے تھے اور وہ مصنوعی ذہانت میں تعلیم حاصل کرنے کا خواب دیکھتا تھا۔ ریاضی اور سائنسی مضامین میں نمایاں کارکردگی دکھانے والا یہ طالبعلم اپنی عبادات کا بھی پابند تھا۔ پانچوں وقت کی نماز باجماعت ادا کرتا اور مسجد میں سب کے ساتھ دوستانہ تعلق رکھتا تھا۔
عمر اپنے پیچھے دو چھوٹی بہنیں اور ایک بھائی چھوڑ گیا ہے۔ اس کے والد کے مطابق وہ بہن بھائیوں کو پڑھائی، نماز اور کھیلوں کی ترغیب دیتا تھا۔ دو سال قبل سوڈان میں جنگ چھڑنے کے بعد عمر، اس کی والدہ اور بہن بھائی العین منتقل ہوئے جہاں وہ جلد ہی ماحول سے ہم آہنگ ہو گیا اور اساتذہ، ہم جماعتوں اور ہمسایوں کے دل جیت لیے۔






