پاکستانی خبریں

حکومت گرا کر دکھائیں، سیاست چھوڑ دوں گا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا چیلنج

خلیج اردو
پشاور، 3 جولائی 2025
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی کوششوں کو چیلنج کرتے ہوئے واضح اعلان کیا ہے کہ اگر کوئی ان کی حکومت گرا دے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ پشاور میں رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ "سب اپنا شوق پورا کر لیں، خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانا ہے تو لگا کر دیکھ لیں، آئینی طریقے سے ہماری حکومت کو گرایا نہیں جا سکتا۔”

انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں گرفتار کر کے بانی تحریک انصاف کے خلاف بیان دینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔ ان کے بقول، "نومئی محض بہانہ تھا، اصل نشانہ بانی پی ٹی آئی تھے۔” علی امین گنڈاپور نے اسے سیاسی نہیں بلکہ نظریاتی جنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ "جہاد” ہے جو شروع ہو چکا ہے۔

انہوں نے 26ویں آئینی ترمیم کو عدلیہ پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ "جب تک ہم واپس اقتدار میں آ کر اسے ختم نہیں کرتے، عدلیہ قید رہے گی۔”

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی حکومت، اختیار اور فیصلے سب بانی پی ٹی آئی کے پاس ہیں اور وہ جب چاہیں حکومت گرانے کا حکم دے سکتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پہلے مینڈیٹ چھینا گیا، اب مخصوص نشستوں کی بندربانٹ کی گئی ہے، لیکن "ہم بانی پی ٹی آئی کی جنگ لڑیں گے اور جیت ہمارا مقدر ہوگی۔”

اس موقع پر بیرسٹر گوہر نے پارٹی میں اختلافات کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ "ہم سب بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں، پارٹی متحد ہے اور متحد ہی رہے گی۔ خیبرپختونخوا حکومت کی ہر صورت حفاظت کی جائے گی۔”

انہوں نے مزید کہا کہ احتجاج سے متعلق کوئی بھی فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے حکم پر ہی کیا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button