متحدہ عرب امارات

ابوظہبی میں فلائنگ ٹیکسی کی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز، تجارتی آغاز 2026 میں متوقع

خلیج اردو
ابوظہبی، 3 جولائی 2025
ابوظہبی نے بدھ کے روز البطین ایگزیکٹو ایئرپورٹ پر فلائنگ ٹیکسی کی پہلی کامیاب آزمائشی پرواز کا اعلان کیا ہے۔ یہ پرواز امریکی کمپنی آرچر ایوی ایشن اور ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس (Adio) کے اشتراک سے کی گئی، جس کا تجارتی آغاز اگلے سال کے اوائل میں متوقع ہے۔

ابوظہبی انویسٹمنٹ آفس کے سربراہ برائے خودمختار نقل و حرکت و روبوٹکس، عمران ملک نے کہا کہ یہ صرف آزمائش نہیں بلکہ ایک مکمل ایئر ٹیکسی ایکوسسٹم کی بنیاد ہے۔ ’’ہم پائلٹ ٹریننگ، مرمت مراکز، ہنرمندوں کی تیاری اور مینوفیکچرنگ جیسے تمام پہلوؤں پر کام کر رہے ہیں،‘‘ انہوں نے کہا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ آزمائشی مرحلہ گرمیوں تک جاری رہے گا تاکہ مقامی موسم، نمی اور گرد و غبار میں اس ایئرکرافٹ کی صلاحیت جانچی جا سکے، جس کے بعد 2026 کے آغاز میں تجارتی پروازوں کا آغاز ہوگا۔

یہ پیشرفت چند دن بعد سامنے آئی ہے جب دبئی میں جو بی ایوی ایشن نے بھی اپنی فلائنگ ٹیکسی کی کامیاب آزمائش کی تھی۔ ابوظہبی اور دبئی دونوں اگلے چند سہ ماہیوں میں فلائنگ ٹیکسی سروس شروع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

آرچر ایوی ایشن کے یو اے ای منیجر ڈاکٹر طالب الہنائی کے مطابق کمپنی نے ابوظہبی میں اپنے "مڈ نائٹ” ماڈل کی پہلا ٹیسٹ مکمل کیا ہے، جو کہ کمپنی کا پہلا عالمی آغاز ہوگا۔ ’’ہم نے اس پرواز میں ایئرکرافٹ کی کارکردگی کو سخت موسمی حالات میں جانچا،‘‘ انہوں نے کہا۔ ابتدائی طور پر بغیر پائلٹ فلائٹ کی گئی، جبکہ رواں سال کے اختتام تک پائلٹڈ ورژن بھی متعارف کرایا جائے گا۔

تجارتی مرحلے کے آغاز میں، آرچر یو اے ای میں محدود تعداد میں ایئرکرافٹس تعینات کرے گی۔ اس کے ساتھ، 2027 میں العین میں فلائنگ ٹیکسیز کی مینوفیکچرنگ کا آغاز کیا جائے گا، جس کے بعد انہیں علاقائی منڈیوں میں برآمد بھی کیا جائے گا۔

قیمتوں کے بارے میں سوال پر عمران ملک نے واضح کیا کہ یہ سروس صرف امیر طبقے کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے قابلِ استطاعت ہوگی۔ ’’جیسے جیسے ورٹی پورٹس اور ایئرکرافٹس کی تعداد بڑھے گی، قیمت میں بھی کمی آئے گی اور یہ سروس روزمرہ سفر کے لیے دستیاب ہو گی،‘‘ انہوں نے کہا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button