
خلیج اردو
زومورا، اسپین – 3 جولائی 2025ء
لیورپول فٹبال کلب کے پرتگالی فارورڈ دیوگو ژوٹا ایک المناک کار حادثے میں جاں بحق ہو گئے۔ حادثہ اسپین کے شمال مغربی علاقے زومورا کے قریب پیش آیا جہاں ژوٹا اپنے بھائی کے ساتھ سفر کر رہے تھے۔ دونوں کی عمریں بالترتیب 28 اور 26 سال تھیں۔
کاسٹائل و لیون کی علاقائی فائر ڈپارٹمنٹ کے مطابق، حادثہ جمعرات کی شب نصف شب کے بعد پیش آیا۔ لیمبورگینی کار سڑک سے پھسل کر درخت سے ٹکرا گئی اور آگ بھڑک اٹھی۔ موقع پر موجود دونوں افراد جان کی بازی ہار گئے۔
اسپین کی پولیس نے اگرچہ تاحال سرکاری طور پر ناموں کی تصدیق نہیں کی، تاہم حکام نے اشارہ دیا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد دیوگو ژوٹا اور ان کے بھائی ہی ہیں۔ لاشوں کو زومورا کے قریبی فارنزک یونٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
ژوٹا نے حال ہی میں 28 جون کو اپنی دیرینہ ساتھی روت کارڈوسو سے شادی کی تھی، جن سے ان کے تین بچے بھی ہیں۔ ایک روز قبل ہی دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے خود کو دنیا کا خوش قسمت ترین انسان قرار دیا تھا۔
لیورپول فٹبال کلب نے ایک بیان میں کہا، ’’ہم اپنے کھلاڑی دیوگو ژوٹا کی افسوسناک موت پر گہرے دکھ میں مبتلا ہیں۔‘‘ کلب نے ژوٹا کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں ایک ناقابلِ فراموش کھلاڑی قرار دیا۔
پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے بھی گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ہم نے دو چیمپئنز کھو دیے۔ یہ نقصان ناقابل تلافی ہے اور ہم ہر روز ان کے ورثے کو زندہ رکھنے کی کوشش کریں گے۔‘‘
پرتگال کے وزیراعظم لوئس مونٹی نیگرو نے بھی ژوٹا کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’دیوگو ژوٹا اور ان کے بھائی کی موت کی خبر افسوسناک اور حیران کن ہے۔ ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ فٹبال اور بین الاقوامی کھیلوں کے لیے ایک سیاہ دن ہے۔‘‘
ژوٹا نے لیورپول کے ساتھ پریمیئر لیگ، ایف اے کپ اور لیگ کپ جیتے۔ 2020 میں وولورہیمپٹن سے ان فیلڈ آنے والے ژوٹا نے کلب کی جانب سے 182 میچوں میں 65 گول اسکور کیے۔ وہ پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے 49 میچوں میں نمائندگی کر چکے تھے اور دو مرتبہ یورپی نیشنز لیگ بھی جیت چکے تھے۔






