
خلیج اردو
اسلام آباد، 8 جولائی 2025 — وزیراعظم شہباز شریف نے قطری کوہ پیما شیخہ اسما آل ثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کے فروغ کے لیے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا ہے۔ اس کا اعلان وزیراعظم نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پیغام کے ذریعے کیا۔
شیخہ اسما آل ثانی نے حال ہی میں دنیا کی نویں بلند ترین چوٹی، نانگا پربت، سر کر کے پہلی قطری خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ اس کارنامے پر وزیراعظم نے انہیں دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ "مجھے شیخہ اسما آل ثانی کو پاکستان کے پہاڑوں اور سیاحت کے لیے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے۔”
https://twitter.com/CMShehbaz/status/1942528314779869606
وزیراعظم نے مزید کہا کہ "ان کی کامیابی ہمت اور عزم کا ایک طاقتور پیغام دیتی ہے اور پاکستان اور قطر کے درمیان پائیدار دوستی کا مظہر ہے۔”
حکومت پاکستان کی جانب سے اس فیصلے کو سیاحت کے شعبے کے فروغ اور عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ شیخہ اسما کی شمولیت سے ملک کے شمالی علاقہ جات میں بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ مزید بڑھے گی۔






