خلیج اردو
اسلام آباد، 8 جولائی 2025 — ملک کی تین بڑی ہائیکورٹس کے نو منتخب چیف جسٹس صاحبان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جسٹس محمد سرفراز ڈوگر سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے ایوان صدر اسلام آباد میں حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں اعلیٰ حکومتی و سیاسی شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر داخلہ محسن نقوی، اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف بھی موجود تھے۔
ادھر پشاور ہائیکورٹ کے نئے چیف جسٹس، جسٹس ایس ایم عتیق شاہ سے گورنر خیبرپختونخوا نے حلف لیا۔ تقریب حلف برداری میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور بھی شریک ہوئے۔
سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس، جسٹس محمد جنید غفار سے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حلف لیا۔ حلف برداری کی یہ تقریبات ملک کے عدالتی نظام میں اہم تبدیلیوں کی علامت ہیں اور اعلیٰ عدلیہ میں قیادت کی منتقلی کو ظاہر کرتی ہیں۔






