
خلیج اردو
لندن / پیرس / واشنگٹن: غزہ میں جاری جنگ پر بین الاقوامی دباؤ میں اضافہ ہو رہا ہے، برطانیہ اور فرانس نے اسرائیل کو فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر جنگ بند نہ کی گئی تو مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے اسرائیلی وزیر دفاع کے حالیہ بیان پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات سے اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری مذاکرات متاثر ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو جنگ فوری طور پر بند کرنی چاہیے تاکہ خطے میں سفارتی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔
ادھر فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے بھی غزہ میں فوری جنگ بندی کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ کا تسلسل نہ صرف فلسطینی عوام کے لیے بلکہ پورے مشرق وسطیٰ کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے دو ریاستی فارمولا ہی واحد قابل قبول حل ہے۔
دریں اثنا، امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ کی صورتحال میں پیش رفت کے حوالے سے پرامید ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ عالمی امن و استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے اور خطے میں کسی بھی مثبت پیش رفت کی حمایت کرے گی۔






