
خلیج اردو
پشاور: ترجمان خیبرپختونخوا حکومت بیرسٹر محمد علی سیف نے پنجاب حکومت پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آڈٹ رپورٹ میں 10 کھرب روپے سے زائد کی مالی بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں، مگر حکومت تاحال کوئی جواب دینے سے قاصر ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر سیف نے دعویٰ کیا کہ یہ رپورٹ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب حکومت کی کرپشن کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبے عوامی فلاح کے بجائے کمیشن کمانے کے لیے بنائے جا رہے ہیں، جبکہ حقیقت سے دور ٹک ٹاک ویڈیوز کے ذریعے جھوٹے دعوے کیے جا رہے ہیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ شریف خاندان ایک منظم انداز میں بدعنوانی میں ملوث ہے اور عوام کا پیسہ لندن منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے الیکشن نتائج پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب عوام نے ان کو ووٹ سے مسترد کر دیا، تو فارم 47 کے ذریعے انہیں اقتدار پر مسلط کر دیا گیا۔
بیرسٹر سیف نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ پنجاب کی آڈٹ رپورٹ پر فوری کارروائی کی جائے اور عوام کے ٹیکسوں سے جمع رقم کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔






