
خلیج اردو
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے عندیہ دیا ہے کہ اگر اپوزیشن کو ایک بھی عددی اکثریت حاصل ہوئی تو عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کا آئینی حق ہے کہ وہ سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں میں تحریکِ عدم اعتماد لا سکتی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ سینیٹ انتخابات کو ریہرسل کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے بعد ایک بڑے سیاسی معرکے کی تیاری کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کی ترقی اور امن کے لیے وہ کسی سے بھی بیٹھنے کو تیار ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ گورنر ہاؤس میں وزیر اعلیٰ کو چیف جسٹس اور چیف سیکرٹری کی جانب سے دعوت نامے دئیے گئے تھے، اور اگر سیاسی مخالفین بھی ان کے گھر آئیں گے تو مہمان نوازی ان کا فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کی تعمیر و ترقی اور قیام امن ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، اور اس مقصد کے لیے وہ سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کو تیار ہیں۔






