پاکستانی خبریں

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر کا نئی سیاسی جماعت بنانے کا اعلان، ‘جئے عوام’ نعرہ متعارف

خلیج اردو
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو کے پوتے ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے نئی سیاسی جماعت کے قیام کا اعلان کر دیا ہے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد نئی جماعت کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا جس کا منشور عوامی مسائل پر مبنی ہوگا۔

ذوالفقار علی بھٹو جونیئر نے کہا کہ "روٹی، کپڑا اور مکان” کا نعرہ آج بھی زندہ ہے، لیکن ہمیں اب اس میں تین اور چیزیں شامل کرنا ہوں گی: بجلی، گیس اور پانی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت کا نیا نعرہ "جئے عوام” ہوگا، تاکہ عوامی طاقت اور مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔

انہوں نے پاکستان پیپلز پارٹی کے موجودہ قیادت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ زرداری گروپ نے "جئے بھٹو” کو کرپشن کا نعرہ بنا دیا ہے۔

ذوالفقار جونیئر کا کہنا تھا کہ ان کی سیاست عوامی خدمت اور نظریاتی جدوجہد پر مبنی ہوگی، جس میں نوجوانوں، مزدوروں اور کسانوں کو نمائندگی دی جائے گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button