راولپنڈی:راولپنڈی اور گردونواح میں کئی گھنٹوں سے جاری طوفانی بارش نے تباہی مچادی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں 199 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، نالہ لئی میں طغیانی آنے سے پانی کی سطح 20 فٹ تک بلند ہوگئی، جس پر سائرن بجا دیے گئے اور مساجد میں اعلانات کے ذریعے قریبی آبادیاں خالی کرالی گئیں۔
فوج نے امدادی کارروائیوں میں حصہ لیتے ہوئے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے، جب کہ ضلعی انتظامیہ نے نشیبی علاقوں میں ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں۔ ڈھوک راجپوتاں میں ایک گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔
بارش کی شدت
شہر کے مختلف علاقوں میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی:
-
چکلالہ: 180 ملی میٹر
-
گوالمنڈی: 165 ملی میٹر
-
نیو کٹاریاں: 160 ملی میٹر
-
بوکرہ اور پیرودھائی: 157 ملی میٹر
-
گولڑہ: 149 ملی میٹر
-
شمس آباد: 128 ملی میٹر
-
ایچ-8: 125 ملی میٹر
-
سیدپور: 110 ملی میٹر
سڑکیں اور گلیاں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، گاڑیاں پانی میں تیرتی رہیں، جبکہ ضلعی حکومت نے ایک روزہ تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
چکوال میں بادل پھٹ گئے
چکوال میں بادل پھٹنے کے باعث 423 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جس سے پنوال ڈیم کا بند ٹوٹ گیا۔ دو گاڑیاں اور تین افراد سیلابی پانی میں بہہ گئے، جن میں سے دو کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔ کئی علاقوں میں لوگ گھروں کی چھتوں پر پناہ لیے ہوئے ہیں، امدادی کارروائیوں کے لیے ہیلی کاپٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔
جہلم اور دیگر علاقوں کی صورتحال
جہلم میں برساتی نالے کا پانی گاؤں میں داخل ہو گیا، 30 سے زائد افراد (بچوں اور خواتین سمیت) کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا۔
لاہور، فیصل آباد، سیالکوٹ میں حادثات
لاہور کی اکبری منڈی میں ایک گھر کی چھت گرنے سے 3 افراد جاں بحق ہو گئے، جن میں 55 سالہ ثمینہ، 2 سالہ رجب، اور 22 سالہ حسن شامل ہیں۔ فیصل آباد کے علاقے علامہ اقبال کالونی میں بھی چھت گرنے سے دو بچے جاں بحق، جبکہ ایک بچی اور میاں بیوی زخمی ہو گئے۔
دیگر متاثرہ علاقے
سیالکوٹ، حافظ آباد، وزیرآباد، ننکانہ صاحب، بہاولنگر، عارف والا اور قصور سمیت کئی شہروں میں نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں، جہاں دریاؤں اور نالوں میں طغیانی کی صورتحال ہے۔
آئندہ پیشگوئی
محکمہ موسمیات اور پی ڈی ایم اے کے مطابق:
-
16 تا 17 جولائی: ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ۔
-
دریائے جہلم (منگلا) اور دریائے چناب (مرالہ، خانکی، قادرآباد) میں درمیانے درجے کا سیلاب متوقع۔
-
لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، اٹک، چکوال، مری، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین، ڈی جی خان میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
خطرات
-
نشیبی علاقوں میں پانی بھرنے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ برقرار
-
مری اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ
ریسکیو ٹیمیں، فوج اور مقامی انتظامیہ متحرک ہیں جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اور محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔






