
خلیج اردو
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کی یونیورسٹیوں میں معیار تعلیم بلند کرنے کیلئے "کے پی آئی” (Key Performance Indicators) سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت وائس چانسلرز کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لیا جائے گا۔ اجلاس میں انڈر پرفارمنگ کالجز سے متعلق جامع رپورٹ بھی طلب کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں سرکاری کالجز کی بہتری کے لئے کالج مینجمنٹ کونسلز قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ تعلیمی اداروں میں انتظامی امور کو بہتر بنایا جا سکے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ برطانیہ، جنوبی کوریا اور قازقستان سمیت متعدد غیر ملکی یونیورسٹیوں نے پنجاب میں اپنے کیمپس قائم کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے، جس سے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات میسر آئیں گی۔






