
خلیج اردو
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف سے ورلڈ بینک کے ریجنل نائب صدر عثمان ڈیون نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ورلڈ بینک کے درمیان ترقیاتی شراکت داری کو مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعظم نے سندھ طاس معاہدے پر بھارتی اقدامات کے خلاف پاکستان کے مؤقف کی عالمی بینک کی حمایت کو سراہا اور 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران عالمی بینک کی امداد پر شکریہ ادا کیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پرعزم ہے۔ عثمان ڈیون نے پاکستان کی معاشی بحالی اور اصلاحاتی ایجنڈے کی تعریف کرتے ہوئے مستقبل میں پاکستان کی خوشحالی کیلئے طویل المدتی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے سول سروسز کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی سربراہی میں کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت دی اور ایک ماہ میں جامع سفارشات پیش کرنے کا حکم دیا۔
بعد ازاں، وزیراعظم نے ایریزونا اسٹیٹ یونیورسٹی کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کو عالمی معیار کے مطابق لانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔ انہوں نے نظام تعلیم میں جدت اور نوجوانوں کو پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے آراستہ کرنے کو حکومت کی اولین ترجیح قرار دیا۔







