
خلیج اردو
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے ضم شدہ اضلاع کے قبائلی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن کی بنیاد انصاف پر ہے، صرف جنگ نہ ہونا امن نہیں کہلاتا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی ممالک اس وقت امن و امان کے شدید مسائل سے دوچار ہیں۔ جب وہ وزیراعظم تھے تو ساؤتھ وزیرستان، سوات اور مالاکنڈ میں مشاورت کے ساتھ ملٹری آپریشنز کیے گئے جن کا مقصد دیرپا امن قائم کرنا تھا۔
یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ افغانستان میں بدامنی کے باعث مہاجرین کی بڑی تعداد نے پاکستان کا رخ کیا اور پاکستان دہشتگردی کا سب سے زیادہ شکار ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے شفافیت کے ساتھ ملٹری آپریشنز کیے اور قبائلی عوام کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغان مہاجرین کا بوجھ بانٹنے سے متعلق اپنے وعدے پورے کرے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قبائلی اضلاع کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہے اور حکومت تمام تر وسائل ان علاقوں کی بہتری اور بحالی پر صرف کرے گی۔ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور اب وقت ہے کہ عالمی برادری ان قربانیوں کا اعتراف کرے۔







