
خلیج اردو
کراچی: اداکارہ عروہ حسین نے نوجوان اداکارہ علیزے شاہ کی حمایت کرتے ہوئے انہیں ہدایت کی ہے کہ وہ نام نہاد سینئر اداکاروں کو اہمیت نہ دیں اور ثابت قدم رہیں، کوئی ان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتا۔ عروہ حسین نے یہ بیان علیزے شاہ کی جانب سے انسٹاگرام پر ویڈیوز شیئر کیے جانے کے بعد دیا، جن میں علیزے نے سینئر اداکاروں کے نامناسب رویے کا انکشاف کیا تھا۔
علیزے شاہ نے بتایا تھا کہ کم عمری کے باعث وہ اپنی والدہ کو شوٹنگ پر ساتھ لے جاتی تھیں، مگر سینئر اداکار انہیں اے سی والے کمرے سے باہر بیٹھنے کا کہتے تھے۔ علیزے نے مزید بتایا کہ بعض سینئر مرد اداکار میک اپ روم میں اپنا بدبودار پسینہ ان کے چہرے پر پھینکتے تھے۔ تاہم انہوں نے کسی بھی سینئر اداکار کا نام نہیں لیا۔
عروہ حسین نے انسٹاگرام اسٹوری میں علیزے شاہ کی بہادری کو سراہا اور انہیں نصیحت کی کہ ایسے نام نہاد سینئرز کو نظرانداز کریں جن کی انا فوراً مجروح ہو جاتی ہے۔ عروہ نے کہا کہ علیزے کی سچائی ہمیشہ کرپٹ لوگوں کو کھٹکے گی مگر قسمت سب کچھ اپنے انداز میں واپس لوٹاتی ہے۔ انہوں نے علیزے شاہ کو کہا کہ وہ بہادری کے ساتھ مضبوط اور ثابت قدم رہیں، کوئی ان کا کچھ بگاڑ نہیں سکتا۔






