
خلیج اردو
نئی دہلی: ایئر انڈیا نے AI171 طیارہ حادثے کے متاثرین کے اہلخانہ کے لیے 25 لاکھ روپے فی کس عبوری امداد کی ادائیگی کا آغاز کر دیا ہے۔ ہفتے کے روز جاری کردہ بیان میں ایئر انڈیا نے بتایا کہ ایک ماہ قبل عبوری امداد کی فراہمی شروع کی گئی تھی تاکہ لواحقین کی فوری مالی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔ یہ رقم بعد ازاں حتمی معاوضے میں شامل کر دی جائے گی۔
اب تک 229 جاں بحق مسافروں میں سے 147 کے اہلخانہ کو عبوری ادائیگی کی جا چکی ہے جبکہ جائے حادثہ پر جاں بحق ہونے والے 19 افراد کے خاندانوں کو بھی امداد فراہم کی گئی ہے۔ مزید 52 متاثرہ خاندانوں کی دستاویزات کی تصدیق مکمل کر لی گئی ہے اور انہیں جلد ادائیگی کی جائے گی۔
حادثے کے متاثرین کی یاد میں ٹاٹا گروپ نے ‘AI-171 میموریل اینڈ ویلفیئر ٹرسٹ’ قائم کر دیا ہے، جو کہ جاں بحق افراد کے خاندانوں کو 1 کروڑ روپے فی کس ایکس گریشیا ادائیگی کرے گا۔ اس ٹرسٹ کے تحت نہ صرف مالی امداد دی جائے گی بلکہ حادثے میں تباہ ہونے والے بی جے میڈیکل کالج ہوسٹل کی بحالی میں بھی تعاون کیا جائے گا۔
ٹرسٹ کی سرگرمیوں کا دائرہ ان افراد تک بھی پھیلا دیا گیا ہے جنہوں نے حادثے کے بعد ریسکیو اور امدادی کاموں میں حصہ لیا، جن میں فائر فائٹرز، ہیلتھ ورکرز، سوشل ورکرز اور سرکاری اہلکار شامل ہیں۔ ان افراد کو ذہنی و جسمانی صدمات سے نمٹنے کیلئے امداد فراہم کی جائے گی۔
ایئر انڈیا نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے اور متاثرین کی مکمل بحالی کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
ایئر لائن کا کہنا ہے کہ یہ صورتحال مسلسل ارتقاء پذیر ہے اور جیسے جیسے نئی معلومات دستیاب ہوں گی، عوام کو آگاہ کیا جاتا رہے گا۔






