
خلیج اردو
دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (ACC) نے ایشیا کپ 2025 کے شیڈول اور وینیوز کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ مردوں کا ٹی20 ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر 2025 تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔ گزشتہ ہفتے ہی یو اے ای کو ٹورنامنٹ کی میزبانی کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔
ایونٹ کے تمام 19 میچز دبئی اور ابوظہبی کے دو عالمی معیار کے اسٹیڈیمز میں ہوں گے۔ دبئی میں 11 جبکہ ابوظہبی میں 8 میچز منعقد کیے جائیں گے۔
ایشیا کپ 2025 میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی: بھارت، پاکستان، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، متحدہ عرب امارات، عمان اور ہانگ کانگ (چین)۔ ٹورنامنٹ ٹی20 فارمیٹ میں کھیلا جائے گا اور گروپ اسٹیج، سپر فور اور فائنل پر مشتمل ہوگا۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی نے کہا کہ ایشیا کپ صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں بلکہ ایشیائی کرکٹ کا تہوار ہے۔ دبئی اور ابوظہبی جیسے کرکٹ کے عالمی مراکز میں اس کا انعقاد کھلاڑیوں، شائقین اور براڈکاسٹرز کیلئے ایک شاندار تجربہ ہوگا۔
ٹورنامنٹ کی جھلکیاں:
* تاریخیں: 9 ستمبر سے 28 ستمبر 2025
* فارمیٹ: ٹی20 (گروپ اسٹیج، سپر فور، فائنل)
* بھارت بمقابلہ پاکستان: 14 ستمبر 2025، شام 6 بجے دبئی میں
* فائنل: 28 ستمبر کو دبئی میں ہوگا
محسن نقوی نے اپنے ایک ٹویٹ میں میچز کے اوقات بھی جاری کیے۔ ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ 9 ستمبر کو ابوظہبی میں افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ہوگا۔ بھارت اپنا پہلا میچ 10 ستمبر کو دبئی میں متحدہ عرب امارات کے خلاف کھیلے گا، جبکہ گروپ اسٹیج کا آخری میچ 19 ستمبر کو عمان کے خلاف ابوظہبی میں ہوگا۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ رواں برس ایشیا کپ کی میزبانی بھارت کے پاس تھی تاہم پاک-بھارت کشیدگی کے باعث بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایونٹ کو متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا۔






