خلیج اردو
اسلام آباد: نجی سکیم کے تحت رواں برس حج سے محروم رہ جانے والے 26 ہزار عازمین کو آئندہ سال حج کی ادائیگی کا موقع دیا جائے گا۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق پرائیویٹ حج آپریٹرز ان عازمین سے کوئی اضافی رقم وصول نہیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی عرب کے وائلٹ اکاؤنٹ میں ان متاثرہ عازمین کے 490 ملین ریال موجود ہیں، جنہیں آئندہ سال کے انتظامات کیلئے استعمال کیا جائے گا۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور پہلے ہی وزارت مذہبی امور اور پرائیویٹ حج آپریٹرز کو اس معاملے کا ذمہ دار قرار دے چکی ہے۔
واضح رہے کہ رواں برس حج انتظامات میں خامیوں کے باعث متعدد عازمین حج کی سعادت سے محروم رہ گئے تھے، جس پر متاثرہ افراد نے شدید احتجاج کیا تھا۔ وزارت مذہبی امور نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئندہ سال ان تمام عازمین کو ترجیحی بنیادوں پر حج کروایا جائے گا اور ان سے اضافی مالی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔






