خلیجی خبریں

سعودی عرب کی نئی سہولت، عمرہ زائرین کے لیے براہِ راست بکنگ کا ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف

خلیج اردو
دبئی: سعودی وزارت حج و عمرہ نے بدھ کے روز عمرہ زائرین کے لیے ایک نیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم "نسک عمرہ” متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے مملکت سے باہر موجود مسلمان براہِ راست عمرہ ویزا کے لیے درخواست دے سکیں گے اور اپنی تمام تر سہولیات آن لائن بک کر سکیں گے۔ اس سہولت کے ذریعے ایجنٹوں اور درمیانی افراد کی ضرورت ختم ہو گئی ہے۔

وزارت کے مطابق یہ پلیٹ فارم مکمل پیکجز کے ساتھ ساتھ انفرادی سہولیات جیسے ویزا، رہائش، ٹرانسپورٹ، ثقافتی دورے اور معاون خدمات کے انتخاب کا موقع بھی فراہم کرتا ہے۔ صارفین اپنی ضرورت کے مطابق پیکج کو اپنی مرضی سے ترتیب بھی دے سکیں گے۔

یہ سروس جدید اور کثیر لسانی انٹرفیس سے آراستہ ہے جو سات زبانوں میں دستیاب ہے اور سرکاری نظام کے ساتھ منسلک ہے تاکہ زائرین کو ایک ہموار ڈیجیٹل تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

نسک عمرہ پلیٹ فارم متعدد ادائیگی کے طریقے فراہم کرتا ہے اور درخواست سے ویزا کے اجرا تک کے تمام مراحل کو کور کرتا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب کے وژن 2030 کا حصہ ہے جس کا مقصد عمرہ زائرین کو بہترین سہولتیں فراہم کرنا اور بڑی تعداد میں آنے والے مسلمانوں کو محفوظ اور آسان سفر کی سہولت دینا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button