عالمی خبریں

غزہ سے 155 مریضوں کا انخلا: یو اے ای اور عالمی ادارہ صحت کی مشترکہ بڑی انسانی مہم

خلیج اردو
ابوظہبی: متحدہ عرب امارات نے عالمی ادارہ صحت (WHO) کے تعاون سے غزہ سے 155 زخمی اور بیمار فلسطینی مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا۔ یہ انخلا اسرائیل کے رمن ایئرپورٹ اور کرم شالوم بارڈر کراسنگ کے ذریعے مکمل کیا گیا۔

اس تازہ کارروائی کے بعد اب تک یو اے ای مجموعی طور پر 2,785 مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو غزہ سے نکال کر علاج کی سہولت فراہم کر چکا ہے۔ یہ اقدام صدرِ مملکت شیخ محمد بن زاید النہیان کی خصوصی ہدایت پر جاری اس انسانی مشن کا حصہ ہے جس کے تحت 1,000 زخمی فلسطینی بچوں اور 1,000 کینسر کے شکار بچوں کا علاج کیا جا رہا ہے۔

یو اے ای کا عزم

سہائک وزیر خارجہ برائے ترقیاتی امور سلطان محمد الشامسی نے کہا کہ یہ آپریشن غزہ کے متاثرین کی فوری مدد اور علاج کے لیے یو اے ای کے تسلسل کے ساتھ جاری انسانی کردار کو اجاگر کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام فلسطینی عوام کی ہر حال میں مدد کرنے کے یو اے ای کے دیرینہ عزم کا حصہ ہے۔

علاج اور سہولیات

انتہائی تشویشناک مریضوں کو ابوظہبی کے بڑے اسپتالوں میں منتقل کیا گیا جبکہ دیگر مریض اور ان کے اہل خانہ امارات ہیومینیٹیرین سٹی لے جائے گئے جہاں ماہرین کی زیر نگرانی ان کا علاج اور دیکھ بھال کی جا رہی ہے۔ مریضوں اور ان کے خاندانوں کے لیے طبی سہولتوں کے ساتھ ساتھ تعلیمی و ثقافتی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے تاکہ بچوں، خواتین اور بزرگوں پر جنگ کے نفسیاتی اثرات کم کیے جا سکیں۔

ہنگامی اقدامات

غزہ کی جنگ کے آغاز سے یو اے ای نے اقوامِ متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ مل کر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائیاں شروع کی ہیں۔ ان میں شامل ہیں:

  • مصر کے ساحل العریش پر ایک فلوٹنگ ہسپتال

  • جنوبی غزہ میں ایک فیلڈ ہسپتال

  • ادویات اور طبی سامان کی بڑے پیمانے پر فراہمی

یہ اقدامات اس بات کا ثبوت ہیں کہ یو اے ای ہر مشکل وقت میں فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے دکھ درد کم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button