پاکستانی خبریں

غیر قانونی افغان باشندے اور بھارتی فوجی افسران پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

خلیج اردو
اسلام آباد:ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے جرمن جریدے کو انٹرویو میں کہا ہے کہ غیر قانونی افغان باشندے اور بھارتی فوجی افسران پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان متعدد بار بھارتی دہشت گردی کے ٹھوس ثبوت اقوام عالم کے سامنے پیش کر چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکی انخلا کے بعد افغانستان میں چھوڑے گئے امریکی ہتھیار دہشت گردی میں استعمال ہو رہے ہیں اور امریکا بھی اس بات پر تشویش کا اظہار کر چکا ہے کہ یہ اسلحہ دہشت گردانہ کارروائیوں میں استعمال ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغان مہاجرین کو پناہ دینے کی بنیادی وجوہات غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی تھیں، جو اب موجود نہیں ہیں۔ پاکستان نے چالیس سال تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی اور انسانی بنیادوں پر ان کے انخلاء کی ڈیڈلائن میں کئی بار توسیع کی۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستانی ریاست تمام غیر ریاستی عناصر کو بلا تفریق مسترد کرتی ہے اور ملک میں کسی بھی جیش یا مسلح جتھوں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ ریاست کے علاوہ کوئی گروہ یا شخص جہاد کا اعلان کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔

انہوں نے بھارت کی اندرونی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں پرتشدد واقعات بھارتی حکومت کی بڑھتی ہوئی انتہا پسند پالیسیوں کا نتیجہ ہیں۔ بھارت اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی اور بیرونی مسائل کو اندرونی مسئلہ بنا کر پیش کرتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ پاکستان کے برادر ملک چین کے ساتھ تعمیری اور اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button