
خلیج اردو
لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کے درمیان جو مکالمہ شروع ہوا ہے اس کا سیاست اور جمہوریت کو کوئی فائدہ نہیں۔ ہم نے حکومت کو ہر قدم اور ہر ایشو پر سپورٹ کیا، لیکن بدقسمتی سے طے شدہ معاہدے پر عمل نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے وزارتیں لیے بغیر حکومت کا ساتھ دیا، ہم نے حکومت کا تھامنے کا عمل کسی پر احسان سمجھ کر نہیں کیا۔ ایک دوسرے پر تنقید ضرور کریں لیکن اتنے دور نہ جائیں کہ واپسی مشکل ہو جائے۔ ملک پہلے ہی طویل عرصے سے بحرانوں کا شکار ہے، اسے مزید بحرانوں میں نہ دھکیلا جائے۔
قمر زمان کائرہ نے کہا کہ تنقید ضرور کریں مگر ایسے لہجے استعمال نہ کریں جو ماضی میں دیکھے گئے۔ جہاں کہیں غلطی ہوگی، ہم اپنی رائے دیں گے، اگر رائے نہ مانی گئی تو تنقید کریں گے۔ پنجاب کے عوام ہی بتائیں گے کہ کس کی رائے بہتر ہے۔






