خلیج اردو: متحدہ عرب امارات میں پانچ افراد پر مشتمل ایک گروہ پر دبئی کی ایک تجارتی کمپنی کے ملازمین سے چاقو کی نوک پر 4 ملین درہم لوٹنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
دبئی کورٹ آف فرسٹ انسٹی ٹینس کو بتایا گیا کہ اکتوبر 2020 میں، کمپنی کے دو ملازمین کو ہدایت کی گئی کہ وہ 4 ملین درہم کے چیک کو انکش کریں اور یہ رقم یہاں کے المرقبت علاقے میں واقع کمپنی کے دفتر لائیں۔ جب یہ دونوں ملازمین نقدی لے کر اپنی گاڑی سے باہر نکل رہے تھے تو چند ایتھوپیائی باشندوں نے ان سے رقم چوری کرلی ، دونوں ملازمین پر حملہ کیا اور علاقے سے فرار ہونے سے قبل مار دینے کی دھمکیاں دیں۔
ایک 29 سالہ ہندوستانی ملازم نے گواہی دی کہ اس نے شیخ زید روڈ پر ایک مقامی بینک سے چیک کو کیش کیا تھا اور نقدی اپنے ایک ساتھی سمیت ، کمپنی کے احاطے میں واپس گاڑی چلانے سے پہلے کالے تھیلے میں ڈال دی تھی۔ "جب میں المرقبت کے علاقے میں کار سے باہر جا رہا تھا تو تین افراد نے ہم پر حملہ کیا۔ ایک شخص نے مجھ پر چاقو تان لیا جبکہ دوسرے شخص نے بیگ چھین لیا۔ میں نے ان کا مقابلہ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ فرار ہوگئے ۔
دبئی پولیس نے گہری چھان بین کا آغاز کیا اور پانچ ایتھوپیائی باشندوں کے ایک گروپ کو گرفتار کیا۔
ریکارڈ پر موجود اماراتی پولیس کے ایک 27 سالہ پولیس اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے بینک صارفین کا پیچھا کرنے کے لئے کار کرایہ پر لینے کا اعتراف کیا۔ پھر جب انہوں نے متاثرین کو پیسوں کا بیگ اٹھاتے دیکھا تو ان پر حملہ کرنے کیلئے المرقبت کے علاقے تک ان کا پیچھا کیا ۔
مدعا علیہان نے اس رقم کا کچھ حصہ آپس میں بانٹا اور 200،000 درہم کی رقم اپنے ملک بھجوانے کے لئے اپنے ایک ایتھوپیائی دوست کو دی جبکہ باقی نقد اجمان کے خالی مکان میں چھپائی گئی تھی۔
دبئی پولیس نے یہ رقم رکھنے کے الزام میں تین ایتھوپیائی ملزمان کو بھی گرفتار کیا۔ دبئی پبلک پراسیکیوشن نے پانچوں مدعا علیہان پر ڈکیتی کا الزام عائد کیا ہے ، جبکہ دیگر تین ملزمان پر چوری شدہ رقم رکھنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔
کیس کی اگلی سماعت 4 فروری کو شیڈول ہے۔







