
خلیج اردو: اتحاد ایئرویز کے سپورٹ سٹاف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک اعلان کیا ہے کہ یواے ای حکام نے برطانوی، امریکی یا یورپی یونین کا ویزا یا ریذیڈنٹ پرمٹ رکھنے والے بھارتی شہریوں کو عارضی طور پر ویزا آن ارائیول کی سہولت ختم کردی ہے۔
اس سے قبل اگست کے آغاز پر اتحاد ایئرویز نے اعلان کیا تھا کہ امریکی، برطانوی یا یورپی یونین کا ویزا رکھنے والے بھارتی شہریوں کو امارات آمد پر ویزا آن ارائیول کی سہولت دستیاب ہوگی۔
ایک صارف کے سوال کا جواب دیتے ہوئے اتحاد سپورٹ سٹاف نے کہا ہے کہ یواےای حکام نے ویزا آن ارائیول کی سہولت کو عارضی طور ان تمام مسافروں کے لیے بند کردیا ہے جو گزشتہ 14 دن کے دوران بھارت کا سفر کرچکے ہیں۔
اتحاد ایئرویز نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ ابوظہبی کے اندر سفر کرنے کے لیے فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت اور شہریت سے اجازت درکار نہیں ہوگی۔ ایئرلائن نے مزید کہا ہے کہ کورونا ویکسی نیشن کروانا ضروری نہیں ہے لیکن امارات میں عوامی مقامات پر داخلے کے وقت آپ کو ٹیسٹ کا رزلٹ دکھانا ہوگا۔
اتحاد ایئرویز کے مطابق کچھ مختلف کیٹیگریز کے یواے ای واپس آنے والےمسافروں کو ابوظہبی کے سفر کی اجازت دی گئی ہے۔ جن میں مذکورہ افراد شامل ہیں۔
یو اے ای کا رہائشی جس نے ویکسی نیشن کا عمل مکمل کرلیا ہو۔ اسے یہ ثبوت دینا ہوگا کہ اس نے ویکسین کی دونوں خوراکیں امارات سے لگوائی ہیں اور دوسری خوراک لگوائے 14 سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہو۔
طبی وجوہات پر سفر کرنے کی اجازت ہوگی۔
فیڈرل گورنمنٹ ایجنسی کے ملازمین۔
سفارتکار۔
اماراتی شہری۔ (آئی سی اے سے اجازت کی ضرورت نہیں ہوگی)
گولڈن ویزا رکھنے والے افراد۔ (آئی سی اے کی اجازت درکار نہیں)







