
خلیج اردو
پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگیا، ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس پاکستان پہنچ گیا، جو سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے سیسمک سروے کرے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک وفد کے اعزاز میں عشائیے کے دوران ترک تحقیقی بحری جہاز کی پاکستان آمد کا خیرمقدم کیا اور اسے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی کے شعبے میں بڑھتے تعاون کی علامت قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ دوستی اور برادرانہ تعلقات ہیں، ترک تحقیقی جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد پر صدر طیب ایردوان کے مشکور ہیں۔ جدید ترک جہاز کی آمد تیل اور گیس کی تلاش کے لیے بھرپور تعاون کی عکاس ہے۔
ترک وزیر توانائی نے کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس کی پاکستان آمد سے دونوں ممالک کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے۔ ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پرعزم ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کے معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔ پاکستان منرل ڈویلپمنٹ کارپوریشن اور ترکیہ کی ایم ٹی اے انٹرنیشنل کے درمیان شیئر ہولڈرز معاہدہ طے پایا۔ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، ترک وزیر توانائی، وفاقی وزیر پٹرولیم اور گورنر سندھ سمیت دیگر شخصیات شریک ہوئیں۔







