پاکستانی خبریں

پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کو بند کرنے کا فیصلہ

خلیج اردو – نیویارک: پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کو بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اس ضمن میں ذمہ دار ذرائع سے بتایا ہے کہ پی آئی اے کی ملکیت روز ویلٹ ہوٹل کو گزشتہ 40 سال میں پہلی مرتبہ بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

امریکی شہر نیویارک کے مہنگے ترین علاقے مین ہٹن میں واقع روز ویلٹ ہوٹل کو 31 اکتوبر سے مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

روز ویلٹ ہوٹل تقریباً 100 سال قبل تعمیر ہوا تھا۔ پی آئی اے کی جانب سے ہوٹل کو خریدنے کے بعد اس کی تزئین و آرائش کی گئی تھی۔

ہم نیوز کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کے ذمہ داران کا اس ضمن میں کہنا ہے کہ روزویلٹ ہوٹل کو بند کرنے کے فیصلے سے آپریشنل اخراجات میں کمی آئے گی۔

ماضی میں بھی روز ویلٹ ہوٹل کے حوالے سے متضاد خبریں منظر عام پر آتی رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں یہ خبریں تواتر کے ساتھ شائع ہو رہی تھیں کہ حکومت روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کرنے کا ارادہ رکھتی ہے لیکن حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں تردید آنے کے بعد تمام خبریں دم توڑ گئی تھیں۔

ذرائع ابلاغ میں یہ اطلاعات بھی زیر گردش تھیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی روز ویلٹ ہوٹل کو خریدنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button