پاکستانی خبریں

کراچی کے فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر کی ایک ماہ پرانی لاش برآمد

خلیج اردو
کراچی، 8 جولائی 2025 — شہر قائد کے پوش علاقے ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل میں واقع ایک فلیٹ سے معروف اداکارہ حمیرا اصغر علی کی ایک ماہ پرانی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ریسکیو حکام کے مطابق لاش عمارت کی چوتھی منزل پر واقع فلیٹ سے ملی۔

پولیس اور ریسکیو ذرائع کے مطابق حمیرا اصغر گزشتہ سات برس سے اس فلیٹ میں اکیلی رہائش پذیر تھیں۔ واقعہ کا انکشاف اس وقت ہوا جب آج بیلف کرایے کے کیس کے سلسلے میں نوٹس دینے فلیٹ پہنچا اور لاش دیکھ کر فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔

پولیس کے مطابق اداکارہ نے 2018 میں مذکورہ فلیٹ کرائے پر لیا تھا، تاہم وہ 2024 سے کرایہ ادا نہیں کر رہی تھیں۔ مالک مکان نے کنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن (سی بی سی) میں قانونی کارروائی کی تھی جس کے تحت بیلف آج موقع پر پہنچا تھا۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد واقعے کو بظاہر طبعی موت قرار دیا ہے تاہم اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد سامنے آئے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کی حالت سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کئی ہفتے پرانی ہے، اور فلیٹ بند ہونے کی وجہ سے کسی کو اس واقعے کا علم نہ ہو سکا۔ حمیرا اصغر کا شمار ماضی میں ٹی وی ڈراموں میں اداکاری کرنے والی باصلاحیت فنکاراؤں میں ہوتا تھا، تاہم گزشتہ کچھ عرصے سے وہ منظرعام سے غائب تھیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button