عالمی خبریں

اداکارہ ریحام رفیق کا انکشاف: ڈرامہ انڈسٹری لڑکیوں کے لیے محفوظ جگہ نہیں

خلیج اردو
کراچی، 8 جولائی 2025 — اداکارہ اور ڈانسر ریحام رفیق نے انڈسٹری کے تلخ حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ ڈرامہ انڈسٹری لڑکیوں کے لیے ایک محفوظ جگہ نہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جو لڑکیاں اس شعبے میں آنے کی خواہش رکھتی ہیں، انہیں پہلے ہی ذہنی طور پر ممکنہ خطرات سے آگاہ رہنا چاہیے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں ریحام رفیق نے بتایا کہ شوبز میں اکثر اداکاراؤں کے درمیان نمبر ون بننے کی دوڑ لگی رہتی ہے، مگر بدقسمتی سے کچھ اداکارائیں صحت مند مقابلے کے بجائے حسد اور منفی رویے اختیار کر لیتی ہیں، جس سے ماحول خراب ہوتا ہے۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود کسی سے مقابلہ نہیں کرتیں اور نہ ہی کسی سے اپنا موازنہ کرتی ہیں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ انسٹاگرام پر بغیر کسی خاص منصوبہ بندی کے ریلز اپ لوڈ کرتی ہیں، بعض اوقات انہیں تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے، لیکن وہ ایسی باتوں پر دھیان نہیں دیتیں۔

شادی سے متعلق سوال پر ریحام رفیق نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر اور سسرالی رشتہ دار ان کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور انہیں اپنی مرضی کی زندگی گزارنے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شادی کے بعد بھی ان کی زندگی میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی، جیسی زندگی پہلے تھی ویسی ہی اب بھی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے دوبارہ اس بات کو دہرایا کہ ڈرامہ انڈسٹری لڑکیوں کے لیے ایک محفوظ ماحول نہیں رکھتی۔ ان کے مطابق نہ صرف شوبز بلکہ اکثر پروفیشنل شعبے خواتین کے لیے غیر محفوظ ہوتے ہیں، اس لیے لڑکیوں کو ذہنی طور پر خود کو مضبوط اور تیار رکھنا چاہیے۔

ریحام رفیق نے تسلیم کیا کہ اگرچہ ان کے ساتھ ذاتی طور پر کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم انہوں نے کئی ایسے واقعات کا مشاہدہ ضرور کیا ہے جو اس تاثر کو تقویت دیتے ہیں کہ انڈسٹری خواتین کے لیے محفوظ نہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہر شعبے میں اچھے اور برے لوگ ہوتے ہیں، اصل بات یہ ہے کہ انسان خود کون سا راستہ اختیار کرتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button