
خلیج اردو
کابل: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہ ہونے دے، ہمسایہ ملک کے خلاف سرگرم عناصر کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی باعزت طریقے سے ہوگی، ان کی جائیداد سے متعلق کمیٹی قائم کردی گئی ہے، اور اگر واپسی کے عمل میں کوئی شکایت ہوئی تو فوری ایکشن لیا جائے گا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان 30 جون تک ٹرانزٹ ٹریک اینڈ ٹریڈ سسٹم فعال کردیا جائے گا، جس کے تحت افغان اشیاء پر ڈیوٹی کو 25 فیصد سے کم کرکے پہلے 10 فیصد اور پھر 5 فیصد کردیا جائے گا، جس سے ٹرانزٹ گڈز کی نقل و حرکت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ افغان حکام کے ساتھ مہاجرین سے متعلق چار اصولی فیصلے بھی طے پا گئے ہیں۔