خلیج اردو
اسلام آباد – پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدگی پر سابق وزیراعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سخت ردعمل دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ "ہمیں ہمیشہ بتایا گیا کہ ہندوستان سے اپنی حفاظت کرنی ہے، مگر جب کل ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا ہوئی تو وزیراعظم نے اپوزیشن کو اعتماد میں نہیں لیا۔”
علیمہ خان نے کہا کہ اگر وزیراعظم سنجیدہ ہوتے تو اپوزیشن لیڈرز کو فون کرتے، اور قومی مفاد میں ان سے بات چیت کا آغاز کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو چاہیے کہ وہ خود اڈیالہ جیل جائیں اور عمران خان سے فوری ملاقات کریں تاکہ قومی اتفاقِ رائے قائم کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ملک حساس صورتحال سے گزر رہا ہو تو اپوزیشن لیڈرز کو ججوں کے دروازے کھٹکھٹاتے نہیں پھرنا چاہیے، اور نہ ہی ججوں کو کہنا چاہیے کہ "رپورٹ بارہ بجے آفس سے منگوائی جا رہی ہے۔” ایسے لمحات میں قومی یکجہتی اور سنجیدہ قیادت کی ضرورت ہوتی ہے۔






