خلیج اردو
لاہور: انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانتیں منظور کر لیں، تاہم وکلا کے طرزِ عمل پر جج نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیے کہ وکلا جان بوجھ کر بیل لمبی کرتے ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہوتے، اگر عدالت میں آنا پسند نہیں تو پولیس کے سامنے کیسے جائیں گے؟ عدالت نے مزید کہا کہ یہی طرز عمل شاہ محمود قریشی کی ضمانت میں بھی اختیار کیا گیا تھا، جہاں آٹھ ماہ تک بیل چلائی گئی اور آخرکار عدم پیروی پر خارج کرنا پڑی۔
جج نے خبردار کیا کہ عدالتوں میں اس طرح کا رویہ ساکھ کو نقصان پہنچاتا ہے، سال سال عبوری ضمانتیں چلا کر عدالتوں کا نام خراب نہ کیا جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر درخواست گزاروں کی حاضری یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔






