پاکستانی خبریں

امریکی دباؤ مسترد، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ جنگ بندی کی قرارداد منظور

خلیج اردو
نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں فوری، غیرمشروط اور مستقل جنگ بندی سے متعلق قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی ہے، جس سے امریکہ سمیت چند ممالک کی مخالفت کے باوجود عالمی برادری کی واضح اکثریت نے فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کی ہے۔

جنرل اسمبلی میں پیش کی گئی اس قرارداد کے حق میں 149 ممالک نے ووٹ دیا، جبکہ مخالفت میں صرف 12 ووٹ آئے۔ 19 ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔ پاکستان نہ صرف قرارداد پیش کرنے والے ممالک میں شامل تھا بلکہ اس کے حق میں ووٹ دے کر فلسطینی عوام سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔

قرارداد میں غزہ میں انسانی المیے کے خاتمے کے لیے فوری، غیر مشروط اور پائیدار جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ عالمی برادری کی جانب سے یہ مطالبہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری لڑائی نے ہزاروں جانیں لے لی ہیں اور انسانی بحران سنگین تر ہوتا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کے مطابق جنرل اسمبلی کی یہ قرارداد اگرچہ غیر لازمی حیثیت رکھتی ہے، تاہم اس سے اسرائیلی اقدامات کے خلاف عالمی رائے عامہ کی عکاسی ضرور ہوتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب امریکہ مسلسل اسرائیل کا دفاع کرتا آیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button