
خلیج اردو
اسلام آباد: ملک بھر میں جاری شدید گرمی کی لہر کے ستائے شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سنا دی ہے۔ پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت مختلف علاقوں میں آج شام سے 16 جون تک آندھی، تیز جھکڑ اور بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے شہروں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، حافظ آباد، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور، چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش کے ساتھ ژالہ باری کی پیشگوئی بھی کی گئی ہے۔
بالائی سندھ کے تمام اضلاع میں بھی آندھی اور بارش متوقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی موسم خوشگوار ہونے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
دوسری جانب ملک بھر میں گرمی کی لہر بدستور جاری ہے۔ ملتان اور نوشہروفیروز میں درجہ حرارت 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے، جس سے شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔






