
خلیج اردو
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ بھی کیا جا رہا ہے، ایسے میں درست رہنمائی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بات سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے ملاقات کے دوران کہی، جہاں انہوں نے اعتراف کیا کہ مثبت تنقید کو قبول کیا جائے گا اور اصلاحات کے عمل کو تقویت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو بہتری اور آگاہی کا ذریعہ بنائیں گے جبکہ منفی پروپیگنڈے کے راستے بند کیے جائیں گے۔ سرفراز بگٹی نے اس بات کا اعلان بھی کیا کہ بلوچستان میں پہلی بار سوشل میڈیا پالیسی متعارف کرائی جا رہی ہے، جس میں صارفین کے تحفظات اور تجاویز کو بھی شامل کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ جدید تقاضوں کے مطابق پالیسی سازی ناگزیر ہوچکی ہے کیونکہ سوشل میڈیا کی طاقت سے انکار ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا درست استعمال ناگزیر ہے۔ عوام کو احتجاج کا حق حاصل ہے لیکن سڑکیں بند کرنا مناسب طرزِ عمل نہیں۔ ریاست سب سے مقدم ہے، اور گورننس میں خامیوں کی نشاندہی کو خوش آئند قرار دیا۔






